اسلام آباد(نا مہ نگار)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمدکاشف چوہدری نے آئی ایم ایف کے ایما پر غریب پاکستانی قوم پر تباہ کن ٹیکسز کی بھر مار، پٹرولیم منصوعات سمیت گیس و دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے تہیہ کر لیا ہے کہ پاکستانی قوم کو زندہ درگور کرنا ہے ، ناقص پالسییوں کی وجہ سے غریب عوام کا جینا محال ہو گیا ہے ، معیشت کے ارسطوکو غربیوں اور امرا میں کوئی فرق نظر نہیں آتا اور سب پر ایک جیسے ٹیکسز لگا دئیے گئے ہیں ،متوسط طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینا تو دور کی بات ان سے روٹی کا نوالہ تک چھین کر خود اپنے پیٹ بھرے جا رہے ہیں ۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ اگر سابقہ حکومت نا تجربہ کار تھی تو موجودہ اتحادی حکومت کو اقتدار کے ایوانوں میں رہنے کے تجربے ضرور تھے پھر بھی آئی ایم ایف کے سامنے قوم کو ذلیل و رسوا کر دیا گیا اور آج حالات یہ ہیں کہ سفید پوشی کا برم بھی ختم ہو گیا ہے ، حکومتی شخصیات کی عیش و عشرت ، پروٹوکول ، لائف سٹائل میں رتی برابر کوئی فرق نہیں پڑا جبکہ غریب عوام آنے والے دنوں میں فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیگی ۔ضمنی مالیاتی بل 2023کو یکسر مسترد کر تے ہیں ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے اور جی ایس ٹی کو 18فیصد کرنے سے اشیا خورونوش کے قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگے گیں ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پٹرولیم منصوعات سمیت بجلی ، گیس و دیگر اشیا کی قیمتوں میں یکدم کیے جانے والے اضافے کو واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں آئی ایم ایف کے ڈالروں کے پیچھے عوام کا سکھ چین چھین لینا عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے ہم مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے پیلٹ فارم سے حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتے رہیں گے۔
ناقص پالسییوںسے غریب عوام کا جینا محال ہو گیا،کاشف چوہدری
Feb 17, 2023