اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے کامرس رپورٹرز کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے سعودی عرب میں منعقدہ ٹیک ایونٹ میں اپنی متنوع صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنے ڈالرز کی اشد ضروریات کے حامل ملک کے لیے کئی ملٹی ملین ڈالر کے معاہدے اور سودے حاصل کر لئے ہیں۔محمد زوہیب خان نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری نے ملک کے سب سے بڑے اور جڑواں معاشی مسئلے یعنی تجارتی خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل پر اپنی نظریں مرکوز کر رکھی ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کہ آئی ٹی ہی ملک کی واحد صنعت ہے جو آنے والے سالوں کے دوران طویل عرصے تک برآمدات میں تیزی سے اضافہ کر سکتی ہے۔محمد زوہیب خان نے روشنی ڈالی کہ ریاض میں پاکستان پویلین نے ہزاروں وزیٹرز کو راغب کیا اور اس تقریب کے دوران سعودی حکومت اور کء چیمبرز آف کامرس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی پاکستان پویلین کا دورہ کیا جس میں پاکستان کی 150 بڑی آء ٹی کمپنیوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔