پٹرول قیمتوں میںاضافہ ، شہریوں کے چہرے مرجھا گئے ، کانوں کو ہاتھ لگالیا 

Feb 17, 2023

 راولپنڈی(عزیز علوی)پٹرول ،ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد شہریوں کے چہرے مرجھا گئے جمعرات کو راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاقوں میں سیاسی، سماجی اور کاروباری تقریبات کے شرکا بھی مہنگائی کے شدید طوفان امڈ آنے پر کانوں کو ہاتھ لگاتے رہے حکمران جماعت کے رہنمائوں محمد حنیف عباسی،ملک ابرار احمد ،سردار نسیم، ایم این اے طاہرہ اورنگزیب ،ایم این اے سیما جیلانی، راحت مسعود قدوسی، بیرسٹر دانیال چوہدری ،راجہ محمد حنیف ، زیب النسا اعوان، سابق ایم پی اے ضیا اللہ شاہ، حامد عباسی ، جاوید انور مغل نے ای بلاک سیٹلائٹ ٹان میں مشترکہ پریس کانفرنس، راحت مسعود قدوسی کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن، سجاد خان کی زیر قیادت مریم نواز کے استقبال کیلئے تیاری میٹنگ، مسلم لیگ کینٹ کے زیر انتظام ورکرز کنونشن کی تیاریوں، ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری فاروق کی زیر صدارت میٹنگ، تاجران کنیٹ کی بیٹھک میں ایک ہی سوال اٹھتا رہا کہ یہ مہنگائی کیسے طوفان بن گئی ہے اس کا تدارک کیسے ہوگا دو لیٹر پٹرول ساڑھے پانچ سو روپے کا ہوگیا روزمرہ زندگی کا پہیہ کیسے چلے گا یا پھر سب کچھ جام ہو جائے گا سکولوں کالجوں میں متوسط طبقے کے بچے کیسے پہنچیں گے مزدور، کم آمدنی والا اور دیہاڑی دار طبقہ کیا اس طوفانی مہنگائی کے تھپیڑے برداشت کر سکے گا یا اس کی مالی مجبوریاں اسے اس طوفانی مہنگائی میں خس و خاشاک بنا ڈالیں گی شہریوں نے کہا کہ وہ موٹر سائیکل گاڑی صرف انتہائی مجبوری کی حالت میں بھی استعمال کرنے کے قابل نہیں رہ جائیں گے اتنی مہنگائی میں لوگ اپنے دور دراز دفاتر تک کیسے پہنچ پائیں گے پبلک ٹرانسپورٹ پہلے ہی اتنی مہنگی ہے کہ اس کے کرائے برداشت کرنا مشکل ہوجائے گا کرائے کے گھروں میں رہنے والوں کی مشکلات بھی بڑھنے لگی ہیں۔

مزیدخبریں