جامعہ کراچی اساتذہ کا چوتھے روز بھی کلاسز بائیکاٹ ، ایکزیکٹیو کونسل میں صورتحال پر غور 

Feb 17, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے اساتذہ نے جمعرات کو چوتھے روز بھی تدریسی عمل کا بائیکاٹ جاری رکھا۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے بھرتیوں کی اجازت کے بعد انجمن اساتذہ نے ایگزیکٹیو کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔آج جمعہ کو جنرل باڈی اجلاس طلب کئے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔ گذشتہ روزانجمن اساتذہ کے وفد نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد محمود عراقی سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کئے جس پر وائس چانسلر نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے پروفیسرز کی 68اور ایسو سی ایٹ پروفیسرز کی 43آسامیوں پر بھرتیوں کی یقین دہانی کرائی اور ملاقات کے فوری بعد رجسٹرار کی جانب سے فروری 2019ء کے سلیکشن بورڈ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جبکہ لیکچرار اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی بھرتیوں کا عمل جاری نہ کرنے احکامات دئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب جامعہ کراچی کے اساتذہ کا موقف ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے پروفیسرز اور ایسو سی ایٹ پروفیسرز کی آسامیوں کے سلیکشن بورڈ صرف اور صرف لولی پاپ ہے حکومت سندھ جامعہ کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔انجمن اساتذہ نے ایگزیکٹیو کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور ایگزیکٹیو کونسل کی جانب سے جمعہ کوجنرل باڈی کا اجلاس طلب کئے جانے کی توقع کی جارہی ہے امکان ہے کہ جنرل باڈی کے اجلاس کے بعد انجمن اساتذہ پریس کانفرنس میں اپنے آگے کے لائحہ عمل سے آگاہ کریگی۔ جامعہ کراچی میں اساتذہ کی جانب سے تدریسی عمل کے بائیکاٹ کے خلاف طلبہ تنظیموں نے بھی احتجاج جاری رکھا اور طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد محمود عراقی سے ملاقات کی جس میں اپنے تحفظات بھی پیش کئے۔ وائس چانسلر نے طلبہ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں