کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاسی انارکی کا پارہ کم کرنے کیلئے عوام کو ووٹ کی طاقت کا شعور دیا جائے ،ملک میں سارے نظام ناکام ہوچکے نظام مصطفی کا نفاذ کیا جائے ،دعوئوں کا دور ختم ہوچکا اب جو عوام کی منشاء کو ملحوظ خاص رکھے گا ایوان میں پہنچے گا ،مہنگائی نے غربت میں اضافہ اور غریب سے جینے کا حق چھین لیا ہے ،کرپشن کا ہر دور میں شوروغل رہا ہے کسی بھی حکومت نے کرپشن کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے ،آئین کی بالادستی کو مذاق بنادیا گیا ملک میں آج بھی غریب کیلئے الگ اور امیر کیلئے الگ قانون ہے ،امیر کو سزا نہیں ہوتی غریب کو معمولی چوری پر سزادے دی جاتی ہے ،عوام چہروں کی بجائے نظام بدلنا چاہتے ہیں جس سے ملک ترقی کرئے اور غریب کو حقوق وانصاف فراہم ہوسکے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ نفرتوں کو ختم اور محبتوں کو عام کرنے کیلئے ہمیں اپنے اسلاف ونظریئے پرگامزن ہونا ہوگا ،پاکستان کو ریاست مدینہ طرز پر چلانے کیلئے قومی ادارے اور مذہبی وسیاسی جماعتیں کردار ادا کریں ،عدل وانصاف کے بغیر معاشرے ترقی نہیں کرتے بلکہ انتشار کا شکار ہوجاتے ہیں ،نظریاتی کارکنان کسی بھی تنظیم کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،پاکستان سنی تحریک کے قائدین وکارکنان کی ملک کی سلامتی و دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں اور شہادتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ،ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہمیں ملک کی ترقی اور دین اسلام کی سربلندی کیلئے کام کرنا ہے ،نیو جنریشن ہمارا مستقبل ہے حکومت انہیں آگے آنے کے موقع فراہم کرئے ،بلارنگ ونسل اور زبان سے بالاتر ہوکر ہمیں ملک کے معاشی واقتصادی اور ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ عالمی استعماری قوتیں فرقہ واریت اور لسانیت کو فروغ دے کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ،ہمیں یکجہتی کے ساتھ ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بناکر انہیں شکست دینا ہوگی ،پاکستان ہماری پہچان اور شان ہے اس کی سلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔
نفرت ختم‘ محبت عام کیلئے اسلاف کے نظریئے پرگامزن ہونا ہوگا
Feb 17, 2023