ملتان(وقائع نگار خصوصی ) ویمن یونیورسٹی میں جاری دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اس اعلامیہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی کہ زراعت کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا اور نئی ورائٹیز کو متعارف کرانا ہوگا، دو روزہ کانفرنس کا عنوان ’’گلوبل کانفرنس برائے پائیدار زرعی ترقی، بائیوکیمسٹری ، بائیوٹیکنالوجی‘‘تھا اعلامیہ میں مزید کہاگیا کہ عالمی سطح پر رونماہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کے تناظر میں زرعی سائنسدانوں کا گرمی کی قوت مدافعت رکھنے والی ورائٹیز متعارف کروانا ہونگی جس کیلئے بائیو ٹیکنالوجی اور جدید زرعی ٹیکنیک کو اپنانا ناگزیر ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود پچھلے سال اربوں روپے کی زرعی اجناس دراآمد کرنا پڑی جوایک زرعی ملک کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ زراعت میں جدت کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کاوشیں عمل میں لائیں تاکہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غربت کے خاتمے کو بھی ممکن بنایا جاسکے۔