گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) کوٹلی رستم رشید کالونی میں واقع گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول میں چوری کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں جہاں سے نامعلوم افراد یوپی ایس ، الیکٹرک موٹریں، موٹرپمپ، پلاسٹک پائپ، آہنی سٹینڈ، بجلی کی تاریں، ٹوٹیاں، ٹھیکیداروں کے اوزار، بیلچے ودیگر سامان لے گئے ہیں جبکہ گزشتہ رات بھی چوروں نے سکول کے آہنی دروازے توڑنے کی کوشش کی مگر ناکامی پر وہ وہاں سے سکول کے گٹروں کے کڑے اتار کر لے گئے ، سکول میں مسلسل چوری کی وارداتوں کے باعث اساتذہ اور طالبات میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے ،اس سلسلہ میں سکول ہیڈ مسٹریس نے تھانہ گرجاکھ کے ایس ایچ او کو دی جانیوالی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ چور ی کی بابت متعدد بار پولیس کو اطلاع دی گئی مگر پولیس مسلسل کاروائی کرنے سے گریزاں ہے اور نہ ہی پولیس نے اپنی قومی ذمہ داری کا احساس دلایا ہے لہذا وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ،انہوں نے اعلی پولیس حکا م سے بھی اپیل کی ہے کہ سرکاری سکول میں وارداتیں کرنیوالے ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے سامان بر آمد کروایا جائے ۔