بنکاک: ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کردی

Feb 17, 2024 | 18:41

ویب ڈیسک

بنکاک: تھائی لینڈ میں ہونے والے آلودگی میں اضافے کے باعث ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک اور آس پاس کے صوبوں میں آلودگی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث حکومت کی جانب سے غیر معمولی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔

فضائی نگرانی کی ویب سائٹ آئی کیو ایئر کے مطابق گزشتہ روز بنکاک دنیا کے 10 آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر رہا، جو شہریوں کے لئے انتہائی پریشان کُن صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تھائی لینڈ کے وزیر اعظم سریتھا نے فصلوں کی باقیات جلانے کو آلودگی میں اضافے کی وجہ قرار دیا لیکن ساتھ ہی اُنہوں نے آلودگی کا ایک چوتھائی حصہ فوسل فیول سے چلنے والی گاڑیوں کو بھی قرار دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقامی حکومت کو آلودگی کو روکنے کے لیے بنکاک میں فوسل فیول سے چلنے والی گاڑیوں کی حد پر غور کرنا چاہئے۔ بڑھتے ہوئے ٹریفک کو ہم کنٹرول کر سکتے ہیں۔

بنکاک کے گورنر کے مطابق شہر میں آلودگی کی سطح بلند ہے جس کے باعث تمام سرکاری و نجی ملازمین اگلے دو روز تک گھروں سے کام کریں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تھائی لینڈ میں عام طور پر سال کے شروع میں کسانوں کی جانب سے فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے ہوا کا معیار گر جاتا ہے جس میں صنعتی دھویں اور بھاری ٹریفک کے باعث آلودگی بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔مقامی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بنکاک کے 50 میں سے کم از کم 20 اضلاع میں ہوا میں PM2.5 ذرات کی غیر صحت بخش سطح ریکارڈ ہوئی۔

مزیدخبریں