خیبرپختونخوا اسمبلی نےصدر آصف زرداری کے دوعہدوں کی حمایت میں قرارداد منظورکرلی ۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکرکرامت اللہ چغر مٹی کی زیر صدارت پشاور میں ہوا۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر عبدلاکبرخان نے دوعہدوں کے باوجود صدر کی جانب سے جمہوریت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے حق میں قرار داد پیش کی ۔ جس پر اپوزیشن اراکین نے زبردست احتجاج کیا۔ ان کا کہناتھا کہ وہ صدر زرداری اور حکومت دونوں پر اعتماد نہیں کرتے،غریب عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، ان حالات میں حکومت پر اعتماد کیسے کیا جاسکتا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے تنقید کے باوجود حکومتی ارکان نے صدر زرداری کے دوعہدوں کے حق میں قرارداد کو منظور کرلیا۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی نے کراچی میں صحافی کے قتل سمیت ٹارگٹ کلنگ کے دیگر واقعات پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تمام واقعات کی جوڈیشل انکوائری اور ٹارگٹ کلنگ کے سدباب کے ساتھ ساتھ اس میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اٹھائیس جنوری صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیاہے۔

ای پیپر دی نیشن