وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات قمرزماں کائرہ نے کہا ہے کہ کراچی میں فوجی آپریشن کا فیصلہ سندھ حکومت کی تجویز پر کیا جائے گا۔

لاہورکے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ کراچی کے حالات پیچیدہ ہوتے جارہے ہیں تاہم شہر میں فوجی آپریشن کا فیصلہ سندھ حکومت کے کہنے پر ہی کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور بلوچستان میں بیرونی مداخلت کو نظرا نداز نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی حکومت شہر کے حالات ٹھیک کرنے کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرونی قوتیں مذہبی جذبات کو استعمال کرکے ملک میں بدامنی پھیلا رہی ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں اگر فوجی آپریشن کی ضرورت پڑی تو یہ کام فوج کرے گی۔ نوازشریف کے دس نکاتی ایجنڈے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ائینی ترامیم کی طرح یہ معاملہ بھی افہام وتفہیم سے طے پاجائے گا،حکومت کسی سے ڈکیٹشن نہیں لے رہی۔

ای پیپر دی نیشن