لندن (نوائے وقت نیوز) حکومت پاکستان نے سیاسی بحران سے باہر نکلنے کیلئے قبل ازوقت انتخابات کی تیار شروع کر دی ہے۔ برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی عدالتوں‘ فوجی اسٹیبلشمنٹ اور اپوزیشن سے موجودہ لڑائی کے دوران زرداری حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ سینٹ الیکشن کے بعد پورا کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق صدر زرداری کے قریبی مشیر نے بتایا حکومت کے پاس موجودہ بحران سے باہر نکلنے کیلئے اب کوئی راستہ نہیں بچا اور اب پیپلز پارٹی کیلئے بہترین مفاد میں ہے کہ نواز شریف کے ساتھ معاہدہ کیا جائے۔ برطانوی اخبار کے مطابق حکومت موسم خزاں سے قبل انتخابات کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے لیکن نواز شریف مزید جلد انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔ حکومت کی ایک اتحادی جماعت کے سینئر رہنما نے بتایا اندرونی طور پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ انتخابات اکتوبر میں منعقد ہوں گے۔ ایک اور حکومتی اتحادی نے بتایا یہ بات سو فیصد یقینی ہے اب انتخابات 2012ءمیں ہی ہوں گے۔