امریکہ نے یہودیوں کےخلاف ریمارکس پر مصری صدر سے وضاحت طلب کر لی

 واشنگٹن (اے پی پی) امریکی حکام نے مصری صدر محمد مرسی سے انتخابی مہم کے دوران یہودیوں کو بندروں کی اولاد قرار دینے پر وضاحت طلب کر لی۔ امریکی حکام نے یہ اقدام 2010ءکی ایک وڈیو سامنے آنے کے بعد کیا جس میں مصری دینی جماعت اخوان المسلمون کے رہنمااور موجودہ صدر محمد مرسی نے کہا تھا کہ یہودی دوسروں کا خون چوسنے والے اور بندروں اور خنزیروں کی نسل ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مصری صدر کے یہ ریمارکس مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کے برعکس ہیں۔ انہوں نے فلسطینی سرزمین پر حملے کرنے والوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے ان کیخلاف مسلح مزاحمت کی بھی اپیل کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی امریکہ اور یہودیوں کی طرف سے فلسطینیوں کی آواز دبانے کیلئے قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے مصری عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو یہودیوں سے نفرت کی تعلیم دیں۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ وہ ان تمام بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہیں کیونکہ یہ مذہبی منافرت پیدا کرنے والے ہیں۔ وائٹ ہاﺅس کے ترجمان جے کارنی نے کہا کہ جمہوری مصر کے پس منظر میں ایسے بیانات ناقابل قبول ہیں۔

ای پیپر دی نیشن