اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نجی ٹی وی کو انٹرویو میں منہاج القرآن کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ رحمان ملک جیسا جھوٹا اور دھوکے باز آدمی میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ میں نے تو ایف 6کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لئے تیار ہوں۔ ہم گولی نہیں چلائیں گے۔ میں چار سال سے کبھی دبئی نہیں گیا۔ جب حکومت مذاکرات کی بات کرے گی تو ضرور اس شخص کا نام بتاﺅں گا۔ مجھے باقاعدہ مذاکرات کی دعوت ہی نہیں دی گئی۔ کیا ملک ریاض کے ساتھ مذاکرات کروں؟ میں نے تو ان سے ہاتھ نہیں ملایا۔ پس پردہ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ رحمان ملک خود دہشتگرد ہے۔ وہ ایجنٹ ہے اگر حملہ ہوا تو رحمان ملک خود حملہ آور ہو گا۔ کائرہ گھر بیٹھ کر بیان جاری کریں تو میں نگران سیٹ اپ بتا دوں؟ ایسا پاگل آدمی نہیں ہوں۔ میں مذاکرات کے کلچر پر یقین رکھتا ہوں لیکن حکومت محض وقت ضائع کر رہی ہے۔ ہم نے کوئی اعلان جنگ نہیں کر رکھا۔ ہمیں پارٹیوں کی پرواہ نہیں سب حصے دار ہیں۔ ایک کرپشن کا الزام ہو تو لوگ استعفے دے دیتے ہیں۔ یہاں پورا ملک ہڑپ کر گئے ہیں، کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ میرا اندازہ ہے کہ فوج کا حکومت میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ پیپلز پارٹی والے الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں۔ جب رحمن ملک کے سوا کوئی ایک وزیر بھی دعوت لے کر آئے گا تو اسے بتاﺅں گا کہ میں کس سے مذاکرات کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپوزیشن کے کسی اجلاس پر تبصرہ بھی کرنے کو تیار نہیں ہوں۔ مجھے کسی کے ساتھ چھوڑنے کا شکوہ نہیں۔