تحریک انصاف نے طاہر القادری کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا

Jan 17, 2013

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے بلکہ جمہوری اور سیاسی قوتوں کا ساتھ دیں گے۔ اس بات کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف طاہر القادری کے دھرنے میں شریک نہیں ہو گی۔ تبدیلی بیلٹ کے ذریعے آنی چاہئے۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے میڈیا کو بتایا کہ تحریک انصاف کسی بھی غیر جمہوری عمل میں شریک نہیں ہو گی، ہم آئین اور جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پولیٹیکل سٹرٹیجی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں طاہر القادری کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئین، جمہوریت کے ساتھ ہیں صرف منتخب حکومت جو ووٹ کی طاقت سے آئے تبدیلی لا سکتی ہے۔ آئین کی روح یہ ہے کہ غیر جانبدار نگران حکومت بنے جو ملک میں منصفانہ انتخابات کرائے، ہم دیکھیں گے کہ نگران حکومت کیسی بنتی ہے، ہمارا زور اس بات پر ہے کہ الیکشن منصفانہ اور وقت پر ہوں، الیکشن کمشن غیر جانبدار ہو تو ہماری طرف سے احتجاج نہیں ہو گا لیکن اگر الیکشن منصفانہ نہیں ہوتے تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں