لاہور (خصوصی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کا وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور اور اعظم خان ہوتی پر مشتمل دو رکنی وفد اچانک جاتی عمرہ رائے ونڈ پہنچ گیا۔ اس وقت نوازشریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کا اجلاس شروع ہونے والا تھا تاہم نواز شریف نے اپنی رہائش پر ان دونوں رہنماو¿ں سے پہلے ملاقات کی۔ دونوں رہنماو¿ں نے نوازشریف کی بات اپنی پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی سے بھی کرائی۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنما میاں عباس شریف کی تعزیت کے لئے آئے تھے تاہم مسلم لیگ ن کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے میاں نوازشریف کا موقف جاننا چاہا۔ نوازشریف نے بتایا کہ ان سے طالبان کے کسی بھی گروپ نے مذاکرات کے لئے رابطہ نہیں کیا البتہ عوامی نیشنل پارٹی سے کسی کا رابطہ ہوا ہے تو وہ بے شک مذاکرات کریں ہمیں اس پر اعتراض نہیں۔