میٹرو بس منصوبہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات دلائے گا : شہباز شریف

Jan 17, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر رہا ہے اور مفاد عامہ کے عظیم الشان منصوبے میٹرو بس پراجیکٹ کے ذریعے عوام کو انتہائی آرام دہ، باکفایت، تیز رفتار اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ اس منصوبے میں ٹھیکیداروں اور تمام متعلقہ اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ میٹرو بسیں پہلے دو ہفتے عوام کے لئے مفت چلائی جائیں گی۔ بس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ کے اندر رکھا جائے گا۔ میٹرو بس کے لئے جدید ای ٹکٹنگ سسٹم سے عوام کو سہولتیں ملیں گی۔ 9 کلومیٹر طویل فلائی اوور فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ منصوبے پر دن رات ایک مشن کے تحت کام جاری و ساری ہے۔ میٹرو بس منصوبہ 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے، یہ عظیم الشان منصوبہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات دلائے گا۔ وہ میٹرو بس پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عوام کی سہولت کے لئے بہت جلد جدید و آرام دہ میٹرو بسیں رواں دواں ہوں گی۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کو پنجاب حکومت اپنے وسائل سے مکمل کر رہی ہے اور یہ منصوبہ 11 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ ترکی میں میٹرو بس پراجیکٹ اڑھائی سال میں مکمل کیا گیا۔ بلاشبہ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا ایک عجوبہ ہے اور یہ عظیم الشان منصوبہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ میٹرو بس سروس کا کامیابی سے آزمائشی طور پر اجرا کیا گیا اور شہریوں نے آزمائشی اجرا کو جس قدر سراہا ہے مجھے پورا یقین ہے کہ جب میٹرو بسیں باقاعدہ طور پر چلنا شروع ہوں گی تو عام آدمی کے ساتھ اشرافیہ بھی ان بسوں پر سفر کرنے میں فخر محسوس کرے گی۔ میٹرو بس منصوبہ ایک مشنری جذبے کے تحت شروع کیا گیا ہے اور اسی عزم کے ساتھ اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ میٹرو بس سروس مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کا ایسا تاریخی کارنامہ ہے جس سے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ، تیز رفتار اور باکفایت سفری سہولیات میسر آئیں گی اور میرا ایمان ہے کہ ہمارا یہ عظیم الشان منصوبہ عوام کو سفری تکالیف و مشکلات سے نجات دلائے گا۔ مسافروں کی سہولت کے لئے بس سٹیشنوں پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام نظام جدید الیکٹرانک سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے جبکہ سٹیشنز پر کنٹرول روم قائم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسکلیٹرز (Escalators) کی تنصیب کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور سٹیشنز پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کے کام کو مقرر کردہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے بہا¶الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بی اے / بی ایس سی کے امتحانات کے دوران نقل کے واقعہ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انکوائری کمیٹی تحقیقات کے بعد 3 روز کے اندر اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

مزیدخبریں