اسلام آباد (ثناءنیوز+ آئی این پی) طاہرالقادری سمیت 21افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اسلام آباد پولیس نے طاہر القادری اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سیل کردی، مقدمہ انسپکٹر محبوب احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدے میں اقدام قتل، نقص امن، کار سرکار میں مداخلت اور چھینا جھپٹی کی دفعات شامل ہیں۔ دوسری جانب سیشن جج ویسٹ راجہ جواد عباس حسن نے وزیر داخلہ رحمن ملک پر لانگ مارچ کے شرکاءپر فائرنگ کے الزام میں تحریک منہاج القرآن کے رہنماﺅں کی مقدمہ کے اندراج کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو (کل) جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔ بدھ کو تحریک منہاج القرآن کے چیف کوآرڈی نیٹر حنیف مصطفوی کی جانب سے سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں درخواست جمع کرائی جس میں یہ مﺅقف اپنایا گیا کہ تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ میں فائرنگ کے واقعے میں وزارت داخلہ ملوث ہے۔ انہوں نے درخواست میں مﺅقف اپنایا کہ لانگ مارچ میں شامل ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنا دینے والا جیمر بھی چوری کر لیا گیا ہے۔