لاہور (کلچرل رپورٹر) ریڈیو پاکستان لاہور نے اپنی نشریات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور دورِ حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی سہ ماہی سے نئے پروگراموں کا آغاز نئے انداز میں کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان لاہور ساجد حسن درانی نے ایک ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو لاہور سے پنجابی، اردو اور انگریزی کے پروگراموں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ریڈیو ڈرامہ ایک منفرد مقام رکھتا تھا جس میں پاکستان کے نامور صداکار/اداکار حصہ لیتے تھے اس سلسلے کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ اب تک ریڈیو پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں لوک فنکارہ ریشماں، شہنشاہ غزل مہدی حسن، ملکہ کافی زاہدہ پروین، ملکہ غزل فریدہ خانم، نامور فلمی گلوکارہ زبیدہ خانم اور ملکہ ترنم نورجہاں کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ سہولیات اور معاوضے کی عدم ادائیگی کے حوالے سے کہا کہ اب ریڈیو لاہور میں فنکاروں کو وہ عزت و مقام حاصل ہے جو ماضی میں ملتا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان جناب مرتضیٰ سولنگی کی ہدایات کی روشنی میں ریڈیو لاہور کے سٹوڈیوز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے ۔ ریڈیو پاکستان اب ہماری ویب سائٹ www.Radio.gov.pk پر سنا بھی جا سکتا ہے۔