لاہور (سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی میں سیالکوٹ نے اسلام آباد، راولپنڈی نے فیصل آباد اور کوئٹہ نے پشاور کو شکست دے دی، لاہور راوی اور ملتان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ سیالکوٹ کی جانب سے ماجد جہانگیر نے ناقابل شکست سنچری سکور، راولپنڈی کے عمر وحید نے 99 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سیالکوٹ نے اسلام آباد کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ سیالکوٹ نے 209 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ماجد جہانگیر نے 112 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، فیصل خان 68 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ میرپور میں راولپنڈی نے فیصل آباد کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی نے 225 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عمر وحید نے 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ فیصل آباد کی جانب سے وقاص مقصود نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ حیدرآباد میں کوئٹہ نے پشاورکو اننگز اور 171 رنز سے شکست دے دی۔ پشاور کی ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں 195 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ ارون لال نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور راوی اور ملتان کے درمیان کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا۔ لاہور راوی کی ٹیم 314 رنز کے تعاقب میں آخری روز کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز سکور کر سکی، اخلاق بٹ نے 105 رنز کی اننگز کھیلی۔
قائداعظم ٹرافی: سیالکوٹ نے اسلام آباد‘ راولپنڈی نے فیصل آباد‘ کوئٹہ نے پشاور کو شکست دیدی
Jan 17, 2013