لاہور(سپورٹس رپورٹر) تین ہفتوں پر محیط دورہ کے لئے افغانستان کرکٹ ٹیم رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان ٹیم کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تربیت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اے ٹیم کے ساتھ میچز کا بھی اہتمام کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی ٹیم کو پاکستان میں تربیت حاصل کرنے کا موقع دیں تاکہ افغانستان کرکٹ ترقی کر سکے۔دورہ جنوبی افریقہ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان ٹیم کی آمد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اے ٹیم جس میں تمام سٹار کھلاڑیوں کو بھی شامل کر کے افغانستان کے ساتھ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کرائے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ ایسوسی ایشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تجویز کی حمایت کا کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔