لاہور (سپورٹس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کو پی پی ایل کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا حتمی فیصلہ سے بنگلہ دیشی بورڈ کو آگاہ کردیا۔ رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیشی بورڈ نے دو روز قبل اپنے ہنگامی اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو این او سی جاری کرنے بارے 16 جنوری کو صبح دس بجے تک کی ڈید لائن دی تھی۔ گذشتہ صبح ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پی سی بی نے بنگلہ دیشی بورڈ کو اپنے حتمی فیصلے سے آگاہ کردیا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کررہے۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے چیئرمین افضل الرحمن سنہا نے کہا کہ اب پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر ہی پریمیئر لیگ شروع کردی جائے گی۔ شیدول میں تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ فرنچائز کو مطلع کردیا ہے کہ پاکستانی کھلاریوں کی جگہ دوسرے کھلاڑی کھلائے جائیں۔ فرنچائز آسٹریلوی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں سے رابطے کررہے ہیں ۔ بیپی ایل کی افتتاحی تقریب آج ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی پی ایل میں قومی کھلاڑیوں کی عدم شرکت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور بی پی ایل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بائی پاس کر کے لیگ کے لئے معاہدے کئے تھے جس کی پی سی بی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بورڈ کو دوسرے بورڈ کے کھلاڑیوں کی اپنے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے لئے ضرورت ہوتی ہے تو وہ متعلقہ بورڈ سے رابطہ کرتا ہے۔ نیلامی کیلئے اجازت نہیں لی گئی۔ کچھ وقت قبل رابطہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو لیگ کیلئے ریلیز کر دیں۔پہلے ایڈیشن کےلئے بنگلہ دیش کو مکمل سپورٹ کیا۔ آئی سی سی میں بھی مصطفٰی کمال کو نائب صدارت کیلئے سپورٹ کیا تھا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو تعلقات کی بہتری کی جانب قدم بڑھانا چاہیے۔ کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو بورڈ کے اعتماد میں لئے بغیر بنگلہ دیش لیگ میں حصہ لینے کے مجاز نہیں ہیں۔