لاہور( کلچرل رپورٹر) دہشت گردی، سیاسی ، اقتصادی عدم استحکام،غربت،مہنگائی،بے روزگاری،بجلی کی لوڈشیڈنگ،سی این جی کی بندش جیسے مسائل نے ملک کے مستقبل کے سامنے سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک کا مستقبل محفوظ نہیں لہٰذا فوری نئے انتخابات کرائے جائیں۔مسلم لیگ ن کلچرل ونگ پنجاب کی سابق نائب صدر منزہ ملک نے کہا کہ لوگ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں موجودہ حکمرانوں نے ملک کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کیا انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔جوہر ٹاﺅن کے رہائشی جاوید خان نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث معیشت کا پہیہ چلنا بند ہوگیا ہے جس سے عوام بے روزگار ہوگئے ہیں اور فاقے کر رہے ہیں ان کے مقابلے میں حکمران عیاشیاں کر رہے ہیں۔انہیں غربت کے ہاتھوں مجبور ہوکر خودکشیاں کرنے والے لوگ کیوں شکر نہیں کر رہے ۔ حسن ٹاﺅن کے رہائشی ملک محمد انور کھوکھر نے کہا کہ موجودہ حکمرانوںکی موجودگی میں ملک کا مستقبل محفوظ نہیں لہٰذا انہیں فوری طورپر اقتدار سے ہٹانا ہوگا۔ ڈیفنس کے رہائشی ملک اسلم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کم ہونے کی بجائے بڑھ گئی جس میں بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں۔ لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں لہٰذا حکمرانوں کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔