نواب شاہ کے قریب سکول وین حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے 17بچوں سمیت 22افراد کی تدفین کردی گئی۔ حکومت نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ تحقیقات کا حکم ہر المناک حادثے کے بعد دیدیاجاتا ہے کبھی اس کے مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔اکثر حادثات ڈرائیور کی غلطی سے پیش آتے ہیں جس کی وجہ ڈرائیونگ لائسنس کیلئے وضع کئے گئے قواعد پر عمل نہ ہونا ہے۔ سفارش یا رشوت کی بنیاد پر لائسنس جاری کردیاجاتا ہے۔ لائسنس کے اجرا پر متعلقہ محکمہ اپنے ہی وضع کئے ہوئے ضوابط کو بروئے کار لائے تو حادثات کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوسکتی ہے۔ نواب شاہ حادثہ اپنی جگہ پر انتہائی افسوسناک توہے ہی‘ اس موقع پر ہسپتالوں کے عملے کی بے حسی بھی دیکھنے میں آئی۔ علاج میں غفلت کی رپورٹس شائع اور نشر ہوئی ہیں۔ زخمیوں کے لواحقین کو مارکیٹ سے ادویات خرید کر لانے کو کہا گیا۔ مسیحائی پیشہ سے تعلق رکھنے والوں کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانی چاہئے۔
نوابشاہ حادثہ کے مرحومین سپرد خاک
Jan 17, 2014