لاہور+ شیخوپورہ (سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ روز شدید دھند کے باعث کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا جبکہ کئی پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ شیخوپورہ میں دھند کے باعث سکول کی وین ڈمپر سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے باعث 7 طالب علم زخمی ہو گئے جبکہ کامونکے میں ٹرک اور بس کے تصادم میں خواتین سمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں سردی سے بچاﺅ کیلئے لگائی گئی آگ کی لپیٹ میں آ کر 2 طالب علم جھلس گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں کو شدید دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دھند کے باعث اندرون اور بیرون ملک جانے اور آنے والی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ شدید دھند کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کو اندرون اور بیرون ملک پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا۔ کئی مقامات پر موٹروے بھی بند رہی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کوالالمپور سے لاہور آنے والی پروازپی کے899 کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا جبکہ ابوظہبی سے آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز واپس روانہ ہوگئی۔ ادھر شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر مخالف سمت سے آنے والے ایک ڈمپر نے سکول ویگن کو ٹکر مار دی جو بے قابو ہو کر الٹ گئی، 7 بچے زخمی ہو گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق سیالکوٹ شدید دھند کی لپیٹ میں رہا۔ بین الاقوامی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ سیالکوٹ اور ہیڈمرالہ سے نامہ نگاران کے مطابق تھانہ ہیڈ مرالہ کے علاقہ میں تیزر فتار ٹرک کی ٹکر سے 19 بکریاں دم توڑ گئیں۔ ثناءنیوز کے مطابق شدید کہر کے باعث حد نظر انتہائی محدود ہو کر رہ گئی اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے لوگوں کو غیرضروری سفر سے اجتناب اور دوران سفر انتہائی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔ کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں درجہ حرارت منفی گیارہ درجے تک گر گیا جس کے باعث معمولات زندگی منجمد ہو کر رہ گئے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، ژوب سمیت مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، ساہیوال، راولپنڈی، ہزارہ، مکران، کوئٹہ قلات، ژوب ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہنے کے علاوہ چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث تھانہ صدر کے قریب ٹرک اور بس کے تصادم کے نتیجے میں نسرین، افشاں بی بی سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ اور اسکے گردو نواح شدید دھند چھائی رہی جس سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے، موٹروے عارضی طور پر بند رہا اور سکولوں اور دفاتر میں حاضری کم رہی، حد نگاہ صفر ہو گئی۔ گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد ، نارووال، پنڈی بھٹیاں موٹروے اور دیگر علاقوں میں شدید دھند رہی۔ شدید دھند کے باعث موٹروے اور ہائی وے عارضی طور پر بند رہی جس کے باعث لوگوں کو آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں قلعہ چندا بائی پاس کے قریب میری سکول میں بچوں کے ماہانہ ٹیسٹ ہو رہے تھے۔ شدید سردی کے باعث سکول کی ٹیچرز نے کلاس میں کوئلے جلا رکھے تھے اسی دوران آگ مدھم ہونے پر ساتھی طالبعلم نے کوئلوں پر پٹرول ڈال دیا جس سے آگ یکدم بھڑک اٹھی اور اسکی لپیٹ میں قریبی بیٹھے ساتویں کلاس کے دو طالبعلم آکاش اور عاطف آگئے اور آگ لگ جانے سے جھلس گئے۔
شدید دھند/ حادثات
لاہور سمیت کئی شہروں میں شدید دھند شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ کامونکے میں حادثات 9 طلبہ سمیت چودہ زخمی
لاہور سمیت کئی شہروں میں شدید دھند شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ کامونکے میں حادثات 9 طلبہ سمیت چودہ زخمی
Jan 17, 2014