اسلام آباد (ثناءنیوز) انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم اور القاعدہ کے سرگرم رکن حماد عادل پر فرد جرم عائد کر دی گئی جبکہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس و ممبئی حملوں میں پاکستان کے سرکاری وکیل چودھری ذوالفقار قتل کیس کی سماعت گواہان کی عدم حاضری کی بنا پر 22 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ بدھ کے روز سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی قتل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں ہوئی۔ مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے کی۔ اس موقع پر مقدمے کے مرکزی ملزم اور القاعدہ کے سرگرم رکن حماد عادل کے خلاف فرد جرم کی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی۔ اس موقع پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ایف آئی اے کے چیف پراسیکیوٹر اور ممبئی حملہ کیس میں سرکاری وکیل چودھری ذوالفقار قتل کیس کی بھی سماعت ہوئی جہاں مقدمہ میں استغاثہ کے دو گواہان کے بیانات قلمبند کئے جانے تھے تاہم گواہوں کی عدم حاضری کی بنا پر عدالت نے مقدمہ کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کی طلبی کے لئے دوبارہ سمن جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
شہباز بھٹی قتل کیس / فرد جرم