گجرات (نامہ نگار) بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگون نے کہا ہے کہ افغانستان اور امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں تو پاکستان، بھارت کے تعلقات بھی بہتر ہونے چاہئیں۔ پاکستان اور بھارت میں تجارت بڑھانے کے بے تحاشا مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف پاکستان بھارت تعلقات میں مضبوطی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان بھارت میں تجارت کا توازن بہترہونا چاہئے، دونوں ممالک کے تعلقات نارمل صحت مند ہونگے اور دونوں ممالک مزید قریب آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی مصنوعات کی بھارت میں مانگ ہے، گجرات چیمبر تجارتی وفود بھجوائے، تجارتی ویزوں کیلئے کوئی سختی نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ویزا پالیسی اوپن ہو، اس کیلئے چیمبروں کی میٹنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ویزا کے مسائل موجود ہیں، اس میں بھی بہتری لارہے ہیں، لاہور میں بھارت کا ٹریڈ شو ہو رہا ہے۔ پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہش مند ہیں۔