اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی سورۃ اخلاص بھولنے کی ’’اننگز‘‘ کا آغاز کر دیا، مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفر اللہ خان ڈھانڈلہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکورٹی کے اجلاس میں تلاوت کے دوران سورۃ اخلاص بھول گئے۔ مسلم لیگ ن کے وزیر سکندر حیات بوسن نے لقمہ دے کر تلاوت مکمل کرائی۔ کمیٹی کے چیئرمین مظفر حسین شاہ نے انہیں اجلاس کے آغاز کے لئے تلاوت کی دعوت دی تو وہ سورۃ اخلاص کی پہلی دو آیات پڑھنے کے بعد آگے کی آیات بھول گئے اور دیر تک خاموش رہے۔ وقت زیادہ بڑھا تو وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن نے انہیں لقمہ دیا جس کے بعد وہ تلاوت مکمل کر سکے۔ اس سے قبل سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور سینیٹر بیرسٹر اعتزاز احسن، سینیٹر کریم خواجہ اور سعیدہ اقبال بھی مختلف تقاریب میں سورۃ اخلاص کی تلاوت کے دوران بھول گئے تھے۔