لاہور+ رائیونڈ (نامہ نگاران) سٹی رائیونڈ کے علاقہ میں دو سہیلیوں نے مبےنہ طور پر اکیڈمی کی کلاس روم میں زہریلی گولیاں نگل کر اجتماعی خود کشی کر لی۔ ورثا اور پولیس پانچ گھنٹے تک واقعہ کو چھپاتے رہے۔ پولیس نے نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سٹی رائیونڈ کے علاقے ریلوے کالونی کے رہائشی امجد علی کی بیٹی 18 سالہ مسکان اور مانگا روڈ واڑاں کمیاراں کے رہائشی جمیل احمد کی 17 سالہ بیٹی انعم گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ایف ایس سی کی طالبات تھیں۔ دونوں گذشتہ روز کالج سے واپسی کے بعد ریلوے روڈ پر واقع ایک اکیڈمی میں پڑھنے گئیں۔ اکیڈمی کا وقت ختم ہونے پر چوکیدار نے کلاس روم چیک کئے تو ایک کمرے میں دونوں سہیلیاں مردہ حالت میں پڑی تھیں اور انکے منہ سے جھاگ نکل رہے تھے۔ انتظامیہ نے دونوں کے والدین کو اطلاع دی جو فوری موقع پر پہنچ گئے اور لڑکیوں کو لاہور کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی موت کی تصدیق کردی۔ دونوں لڑکیوں کے ورثا اور پولیس کی جانب سے واقعہ کو پانچ گھنٹے تک چھپانے کی کوشش کی گئی۔ ورثا کے کارروائی سے انکار پر پولیس نے دونوں نعشیں ورثا کے حوالے کردیں۔ پولےس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیاں سہیلیاں تھیں اور یہ معاملہ پیار وغیرہ کا لگتا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کی نجی تعلیمی اکیڈمیوں کا ماحول ٹھیک نہیں تاہم دونوں کے موت کو گلے لگانے کی حتمی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔
لڑکیاں/ خودکشیاں
رائیونڈ: نجی اکیڈمی میں 2 سہیلیوں نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی
Jan 17, 2015