واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ اور برطانیہ نے یوکرائن کے معاملے پر روس پر مزید پابندیوں پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برطانیہ مضبوط ترین اتحادی رہے گا۔ دہشت گردی سے نمٹنے والے تمام اتحادیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فرانس میں دہشت گردی کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ہرممکن مدد کریں گے۔ سائبر سکیورٹی پر برطانیہ سے مل کر جام کریں گے۔ افغانستان میں القاعدہ اور طالبان پر کنٹرول کیلئے افغان فوج کی مدد کریں گے۔ پشاور اور پیرس میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ڈیوڈ کیمرون سے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بات چیت کی۔ برطانیہ ہمارا دوست ملک اور دہشت گردی مشترکہ چیلنج ہے۔ ایران کو ایٹمی طاقت بننے اور اسرائیل کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔ ایران کو اپنا ایٹمی پروگرام رول بیک کرنا ہو گا۔ ایران کو مغرب کے بارے میں شبہات ہیں۔ ایران کے ساتھ سفارتی معاہدے ناکام ہونے کی صورت میں عسکری ٹکراؤ کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ ڈیموکریٹس کو بتا دیا ہے کہ ایران کیخلاف مزید پابندیوں کا بل آنے کی صورت میں ویٹو کر دوں گا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ مغربی ممالک ایران پر مزید پابندیاں عائد نہ کریں، دہشت گردی سمیت ہر چیلنج کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ اب افغان افواج دہشت گردوں کا سامنا کرنے کے قال ہو گئی ہیں۔ ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دیں گے۔ ایران پر مزید پابندیوں سے عالمی اتحاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ دونوں ملک انتہا پسندی روکنے کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس بنائیں گے۔