پنجاب : محکمہ داخلہ‘ پولیس اور جیل کے عملہ پر غیر ملکی سفارتکاروں سے ملنے پر پابندی

لاہور (معین اظہر سے) محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے ہوم ڈپارٹمنٹ، پولیس اور جیل کے عملے پر غیرملکی سفارتکاروں سے ملنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ دیگر محکموں کے افسر وزارت خارجہ اور داخلہ کی اجازت سے غیر ملکی سفارتکاروں سے مل سکتے ہیں۔ سپیشل سیکرٹری ہوم کی طرف سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو لیٹر بھیجا گیا تھا جس میں ہوم ڈپارٹمنٹ کو حساس اداروں کی طرف سے بعض پولیس افسروں، جیل کے عملے اور ہوم ڈپارٹمنٹ کے افسروں کے بعض غیرملکی سفارتکاروں سے ملنے پر اعتراضات موصول ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے سروسز ون سیکشن کی طرف سے چٹھی جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری افسر کسی ملک کے سفارتکار سے بغیر اجازت نہیں مل سکتا، اس کیلئے اسے وزارت خارجہ یا وزارت داخلہ سے پیشگی اجازت لینی پڑیگی۔ ہوم ڈپارٹمنٹ سے سپیشل سیکرٹری نے ایک لیٹر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ہوم ڈپارٹمنٹ، اسکے ماتحت اداروں کے افسروں پر غیر ملکیوں سے ملنے پر پابندی عائد کردی جائے۔ محکمہ سروسز ایڈمنسٹریشن نے اعلیٰ اتھارٹیز سے اجازت لینے کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دیدی ہے تاہم ہوم ڈپارٹمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ بعض حساس اداروں کی طرف سے تفصیلی رپورٹ ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھیجی گئی تھی جس میں بعض افسروں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں پولیس، جیل اور ہوم ڈپارٹمنٹ کے بعض افسر شامل تھے، انکی فہرست بھیجی گئی تھی اور انکے بارے میں اعتراض کیا گیا تھا کہ وہ کس کی اجازت سے غیرملکی سفارتکاروں سے ملے، ان افسران سے پوچھا جائے کہ انہوں نے کس اتھارٹی سے اجازت لی تھی، موجودہ حالات میں فوج کیساتھ ملکر دہشت گردی کیخلاف کاروائی کی جارہی ہے جس پر بعض حساس معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ ان افسروں کا بغیر اجازت کے غیرملکی سفارتکاروں یا غیرملکیوں سے ملنا مناسب نہیں۔ ان افسروں کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی تھی جس پر ہوم سیکرٹری پنجاب نے وزیراعلیٰ کو لیٹر لکھنے کے بعد اسکے جواب کا انتظار کئے بغیر خود ہی محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو لیٹر بھیج دیا۔ جب محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے وزیراعلیٰ کو منظوری کیلئے کیس بھیجا تو اس پر وزیراعلیٰ نے اسکی منظوری دیدی کہ پابندی عائد کردی جائے۔ ہوم سیکرٹری کی طرف سے بھیجی جانی والی سمری پر سین اینڈ تھنک لکھ کر واپس بھیج دیا ہے تاہم محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
افسر/ پابندی

ای پیپر دی نیشن