دریا خان: جعلی گیٹ وے ایکسچینج پکڑی گئی ، لاہور میں 4 انسانی سمگلر گرفتار

Jan 17, 2016

لاہور (خبر نگار) ایف آئی اے کی ٹیم نے بھکر میں کارروائی کر کے جعلی گیٹ وے ایکسچینج پکڑ لی۔ 3 ملزم گرفتار، 800 سے زائد موبائل سمز، 64پورٹس ایکسچینج، لیپ ٹاپس اور جدید کمیونیکیشن سسٹم برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سجاد مصطفی باجوہ نے سب انسپکٹرز تیمور حیدر اور عابد حسین کے ہمراہ بھکر کی تحصیل دریا خان میں چھاپہ مار کر غیرقانونی طور پر بیرون ممالک کالز کروانے و موصول کرنے والی جعلی گیٹ وے ایکسچینج پکڑ لی۔ گیٹ وے ایکسچینج چلانے والے تین ملزموں کامران، عبدالوارث اور محمد خان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 800 سے زائد موبائل فونز سمز، متعدد لیپ ٹاپس، 64پورٹس ایکسچینج، موبائل فونز اور جدید سامان برآمد کر لیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد مصطفی باجوہ کا کہنا ہے ملزم بیرون ممالک کالز کی ٹریفکنگ کا نیٹ ورک چلا رکھا تھا۔ تفتیش جاری ہے مزید انکشافات کی توقع ہے۔ ادھر ایف آئی اے انسانی سمگلنگ سیل نے لاہور میں چھاپہ مار کر 4 انسانی سمگلر گرفتار کرلئے۔ گرفتار ہونے والوں میں مظہر مشتاق، محمد عمر، علمدار حسین اور ناصر ارشد شامل ہیں۔ ملزموں کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ گجرات اور خوشاب سے ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر میں انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔

مزیدخبریں