گوجرانوالہ/ بہاولپور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 2 کی جج بشریٰ زمان نے گجرات سے گرفتار ہونیوالے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو مبینہ دہشت گردوں جمیل خان اور گل منیر کو ناجائز اسلحہ اور نفرت انگیر لٹریچر کی برآمدگی کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر مختلف دفعات میں مجموعی طور پر 52 سال قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق مجرموں کو کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے 20 اگست کو گجرات کے علاقہ چناب پل سے گرفتار کیا تھا جو ٹرک کے خفیہ خانوں میں 97 رائفلز، ایک لاکھ 50 ہزار گولیاں اور نفرت انگیز لٹریچر چھپا کر لے جا رہے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت بہاولپور کے جج خالد ارشد نے ایک شخص محمد بلال عرف معاویہ سے دستی بم برآمد ہونے اور کالعدم تنظیموں کا لٹریچر، سٹیکرز اور مطبوعہ مواد رکھنے کے جرم میں ملوث ہونے پر مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 29 سال قید، تمام جائیداد بحق سرکار ضبطگی سمیت 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔
گوجرانوالہ: تحریک طالبان کے 2 مبینہ دہشت گردوں کو 52 سال قید، 4 لاکھ جرمانہ
Jan 17, 2016