اسلام آباد: 27 مخصوص بلدیاتی نشستوں پر انتخابات، 18 مسلم لیگ (ن)، 9 پی ٹی آئی نے جیت لیں

Jan 17, 2016

اسلام آباد (آئی این پی) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی 27 مخصوص نشستوں کے انتخابات کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 18 نشستیں جیت لیں جبکہ تحریک انصاف نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ کوئی آزاد امیدوار کامیاب نہ ہو سکا، خواتین کی 17 مخصوص نشستوں میں سے 11 پر مسلم لیگ (ن) اور 6 پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔ ٹیکنو کریٹ، نوجوان، اقلیتوں اور مزدوروں کی 10نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کے حصے میں 7 جبکہ پی ٹی آئی کے حصے میں 3 نشستیں آئیں، ٹیکنوکریٹ کی نشست مسلم لیگ (ن) نے جیت لی۔ ہفتہ کو پولنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے نتائج کا اعلان کیا۔ اسلام آباد کی 50 یونین کونسلوں سے منتخب 50 چیئرمینوں نے ووٹ ڈالا، 27 مخصوص نشستوں کیلئے 55 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔ خواتین کی 17 مخصوص نشستوں پر 25 امیدوار، نوجوانوں کی 3 نشستوں پر 13 امیدوار، اقلیتوں کی 3 نشستوں پر 11 امیدوار، لیبر،کسان کی 3 نشستوں پر 10 امیدوار میدان میں تھے۔ سرکاری نتائج کا اعلان 18 جنوری کو کیا جائیگا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے اور نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا اور اپنی پارٹیوں اور قائدین کے حق میں نعرے لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ایک میئر اور 3 ڈپٹی میئر کا انتخاب جنوری کے آخری ہفتہ میں متوقع ہے۔ 27 مخصوص نشستوں پر پولنگ کا عمل 20 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔

مزیدخبریں