کراچی، چاکیواڑہ میں نامعلوم افراد کا دستی بم حملہ، 6 بچوں سمیت 9 افراد زخمی

Jan 17, 2016

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) کراچی کے علاقے لیاری چاکیواڑہ میں دستی بم کے حملے میں 6 بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب نامعلوم حملہ آور پیدل آئے اور دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دستی بم حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا۔ دوسری شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کر کے 11 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ بریگیڈ کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کر کے 3 ڈاکوؤں شاکر، تبریز اور عبداللہ کو پکڑا جن کے قبضے سے اسلحہ اور آرام باغ کے علاقے سے چھینی گئی موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ اسی طرح ملیر الفلاح میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر نبیل عرف شیری کو گرفتار کر لیا۔ کنواری کالونی اور اطراف سے رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت نے گرفتار 4مبینہ افغان جاسوسوں کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز رضویہ ٹائون سے 4مبینہ افغان جاسوسوں کو گرفتار کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان میں افغان سکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے، ملزمان کا تعلق افغان صوبہ غزنی سے ہے،ملزمان کو کالعدم تنظیموں سے روابط اور دہشت گردی میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز چاروں ملزموں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے چاروں کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔لیاری کے علاقے بغدادی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا۔

مزیدخبریں