پشاور (بیورو رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں اور مسلمانوں کے لبرل اور سیکولر دانشور حکام اور سیاستدان دہشت گردی کے نام پر اسلام سے اپنی نفرت کا اظہار کر رہے ہیں اور یہ آج کے روشن خیالوں کا ایک فیشن بن گیا ہے۔ وہ دارالعلوم حقانیہ کے ایوان شریعت ہال میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا سمیع الحق نے خصوصی خطاب میں عالم اسلام اور باالخصوص دینی مدراس اور اس میں پڑھائے جانے والے اسلامی علوم کو عالم کفر کی طرف سے درپیش چیلنجوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اورکہا مدارس دہشت گردی اور انتہاپسندی نہیں بلکہ اسلام کے امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات پھیلا رہے ہیں۔