پاکستانی ٹیم کو پٹھان کوٹ ائربیس داخل نہیں ہونے دینگے‘ صبر ختم‘ دنیا ایک سال میں نتائج دیکھے گی : بھارتی وزیر دفاع

جے پور (صباح نیوز+ نوائے و قت نیوز) بھارت کی پٹھانکوٹ حملے پر پاکستانی تعاون کے باجود روایتی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستانی تفتیش کاروں کو پٹھان کوٹ ایئربیس تک رسائی دینے سے انکار کردیا۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر دھمکیوں پر اتر آئے۔ جے پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ممبئی حملوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملے سے ہمارا صبر جواب دے گیا اور پاکستان نے ممبئی حملوں، پٹھان کوٹ ائر بیس حملوں کے منصبوبہ سازوں کے خلاف ایکشن نہیں لیا ایک سال میں دنیا نتائج دیکھے گی۔ بھارتی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان سے تفتیشی ٹیم جو حملے کی تحقیقات کے لیے بھارت آ رہی ہے، اسے پٹھان کوٹ ایئر بیس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پٹھان کوٹ واقعے پر تفتیشی ٹیم بھارت بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم کے پٹھان کوٹ ائیربیس کا دورہ بھی کرنا تھا اور جائے وقوع سے شواہد لینا تھا۔ تاہم اب بھارتی وزیر دفاع کا بیان سامنے آیا ہے کہ پاکستانی تفتیشی ٹیم کو پٹھان کوٹ ائیربیس آنے نہیں دیں گے۔ اس سے قبل بھارت کی جانب سے تفتیشی ٹیم بنائے جانے کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔ ائر بیس واقعہ کے بعد پاکستان کی جانب سے کالعدم جیش محمد کے خلاف کارروائیاں اور تعاون بھی بھارت کو راس نہ آیا اور ان کے وزیر دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔

بھارتی وزیر دھمکی

ای پیپر دی نیشن