عارف ایک منٹ میں چت‘ بشیر بھولا بھالا نے رستم زماں گاما پہلوان ٹائٹل جیت لیا

Jan 17, 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام رستم زماں گاما پہلوان دنگل کا ٹائٹل بشیر بھولا بھالا نے رستم بھکر عارف پہلوان کوایک منٹ میں چت کرکے جیت لیا ۔مقابلہ جیتنے والے بشیر بھولا بھالا کو ایک لاکھ روپے انعام اور گرز دیا گیا، دوسرے بڑے مقابلے میں اچھو پہلوان نے مالو پہلوان کو ہرایا، ان کو 90ہزار روپے انعام دیا گیا،تیسرے بڑے مقابلے میںلاہور کے طاری پہلوان نے محسن پہلوان چاندی والا کو چت کرکے جیتا، ان کو 75ہزار روپے انعام دیا گیا، چوتھے بڑے مقابلے میں گوجرانوالہ کے قاسم گجر نے لاہور کے نومی پہلوان کو چت کرکے جیتا، ان کو 40ہزار روپے انعام دیا گیا۔دیسی کشتیوں کے چھوٹے مقابلوں میں نادر پہلوان نے ارشد پٹھان پہلوان، ببلو پہلوان نے خرم پہلوان، نوری پہلوان نے کمال پہلوان، وسیم پہلوان نے عمیر لسی پہلوان، اچھی پہلوان نے جھلہ پہلوان، ہیراپہلوان نے طیب پہلوان، ماما مشتاق پہلوان نے وقاص پہلوان ،بلال پہلوان نے مالو پہلوان، بالا پہلوان نے عمرپہلوان، عمر پہلوان نے کھوئے والا پہلوان، دولے شاہ پہلوان نے عامر بلوچ پہلوان ، چڑی پہلوان نے رکھا پہلوان ، دانش پہلوان نے نومی پہلوان گوجرانوالہ، جلال پٹھان پہلوان نے مالو پہلوان کو چت کیا۔رستم زماں گاما پہلوان دنگل کا ٹائٹل جیتنے والے بشیر بھولا بھالاپہلوان نے بھی بھارتی پہلوانوں کو مقابلے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت سرپرستی کرے تو پاکستان کے پہلوان پوری دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں، پہلوانی کا فن آہستہ آہستہ ختم ہو رہا تھا لیکن حکومت نے دنگل مقابلوں کا انعقاد کر کے مردہ ہوتے اس فن میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ۔ جب اکھاڑے میں استاد اور خلیفے نہیں ہوں گے تو نئے آنے والے پہلوانوں کو داﺅ پیج کہاں سے سیکھنے کو ملیں گے ۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے ، پاکستان میں بڑے اچھے پہلوان موجود ہیں لیکن انہیں تربیت کے لئے ماحول میسر نہیں ۔انہوں نے بھارتی پہلوانوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پہلوان ہر جگہ مقابلے کےلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں پہلوانوں کو بڑی رقم دے کر خریدا جاتا ہے اور ان کی سرپرستی کی جاتی ہے ۔ پاکستانی حکومت بھی اس کھیل کو فروغ دینے کے لئے اس فارمولے پر عمل پیرا ہو۔

مزیدخبریں