واشنگٹن+ نیویارک (نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سی آئی اے چیف جان برینن کے بیان پر برہم ہو گئے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں نومنتخب امریکی صدر نے سی آئی اے چیف کے بیان کو غلطی قرار دیتے ہوئے اس معاملے پر فوری معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ قبل ازیں سی آئی اے چیف جان برینن نے اپنے بیان میں نومنتخب صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں صدارت سنبھالنے کے بعد اپنی زبان پر قابو رکھنا ہو گا۔ روس کو ہر معاملے میں بری الذمہ قرار نہیں دینا چاہئے۔ دریں اثناءنومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو جرمنی میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو ایک 'بڑی غلطی' قرار دیدیا۔ نیویارک میں موجود اپنے دفتر ٹرمپ ٹاور میں جرمن اور برطانوی اخبارات کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ ان کی ترجیحات امریکہ کے لیے شفاف تجارت کے معاہدے کرنا اور اس کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے۔ امریکہ کو دیگر دنیا کے ساتھ اپنے تجارتی خسارے پر بات کرنا ہو گی خاص طور پر چین کے ساتھ۔انہوں نے زور دیا ان کی انتظامیہ فری ٹریڈ کے بجائے سمارٹ ٹریڈ کو ترجیح دے۔جب ان سے روس کے ساتھ ممکنہ معاہدوں کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ جوہری ہتھیار اس کا حصہ ہوں گے اور انھیں امریکی پابندیاں ختم کرنے کے بدلے میں نمایاں طور پر کم کیا جائے گا۔نومنتخب امریکی صدر نے مشرقِ وسطی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا عراق پر 2003 ءمیں کی جانے والی چڑھائی بدترین فیصلہ تھا۔مسٹر ٹرمپ نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کی تعریف کی۔'ملک اپنی شناخت چاہتے ہیں اور برطانیہ اپنی شناخت چاہتا تھا۔دریں اثنا ٹرمپ اپنی تقریب حلف برداری کے دوران جو بلٹ پروف کار استعمال کریں گے اس کی خصوصیات اس وقت ذرائع ابلاغ کا مرکز ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ نے ایک رپورٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بکتر بند کار پر روشنی ڈالی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی کار کو انگریزی میں Beast Theکے لقب سے یاد کیاجاتا ہے مگر اس کا سرکاری نام Cadillac One ہوگا۔ یہ چلتا پھرتا ایک فوجی بنکر ہے جس کا وزن کوئی 8 ٹن بتایا جاتا ہے۔ تیاری میں 15 لاکھ ڈالر کے اضافی اخراجات آئے ہیں۔ اس بکتر بند، بلٹ اور بم پروف کار میں آنسوگیس، جدید نوعیت کی بندوقیں اور صدٹرمپ کے خون کے نمونے کے مطابق خون کی دو بوتلیں موجود ہوں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں کار کے اندر سے آنسوگیس کی شیلنگ کی جاسکے۔ جنرل موٹرز نامی کمپنی کی تیار کردہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی لیموزین کار میں سات افراد سوار ہوسکتے ہیں۔ کمپنی نے اس طرح کی کوئی 12 کاریں تیار کی ہیں۔بکتر بند کار کو چھوٹا اور موبائل وائٹ ہاو¿س بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ کار کے اندر آکسیجن فراہم کرنے کے لیے دو سلنڈر بھی رکھے جائیں گے۔بلٹ پروف کار میں رات کی تاریکی میں دیکھنے کے لیے جدید صلاحیتوں کے 9 کیمرے نصب ہیں۔ پوری کار کو مصنوعی سیاروں کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ کار کا درواز ڈرائیور کے سوا اور کوئی نہیں کھول سکے گا۔ دریں اثنا آن لائن کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی امریکہ کے قریبی اتحادی اسرائیل پر بھی بجلی بن کر گری ہے اور اسرائیل کو شام اور مشرق وسطیٰ کے حوالے سے اپنے قیمتی راز افشا ہونے کے خطرے نے گھیر لیا ہے۔ ٹرمپ کی کامیابی پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ٹاپ سیکرٹ معلومات لیک ہوکر روس اور ایران تک پہنچ سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کی حال ہی میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں امریکی خفیہ ایجنسی کے لوگوں نے اپنے نومنتخب صدر کے رویئے پر بے حد ناامیدی کا اظہار کیا۔ دوسری طرف ٹرمپ کی جانب سے نیٹو پر تنقید کے باوجود نیٹو کی خاتون ترجمان لنگیسکو نے کہا ہے نیٹو سربراہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ وہ پُراعتماد ہیں کہ امریکی انتظامیہ نیٹو کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے پُرعزم رہے گی۔ ٹرمپ اور نیٹو سربراہ دفاع اور بڑھے اخراجات پر پہلے ہی بات چیت کر رہے ہیں۔
ٹرمپ