ملت پارک:بنک ملازم نے بیوی کو ہتھوڑے مارکرقتل کردیا

Jan 17, 2017

لاہور(نامہ نگار) ملت پارک کے علاقہ میں بنک ملازم مرتضیٰ نے گھریلو جھگڑے کے باعث طیش میں آکر ہتھوڑے مار کر بیوی کو قتل کردیا۔دونوں میاں بیوی کے جھگڑے کے موقع پرملزم کے دونوں بچے بھاگ گئے۔ ملزم نے بچوں کی پرواہ کئے بغیر اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرنے کے ساتھ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ علاقے کے مکینوں کے مطابق ملزم علی مرتضیٰ نشہ کی لت کے باعث اکثر میاں بیوی سے جھگڑا رہتا تھا اور وہ اسے تشدد کا نشانہ بناتا۔ اتوار اور سوموار کی درمیانی شب جس وقت غلام مرتضیٰ گھر میں داخل ہوا اسکے دونوں بچے سوئے ہوئے تھے۔ نشہ کی حالت میں ہونے پر بیوی رقیہ نے اسے ڈانٹا جس پر وہ مشتعل ہوگیا، اسکے زور زور سے بولنے پر دونوں بچے نیند سے بیدار ہوگئے۔ مقتولہ رقیہ بی بی کے دونوں بچوںکے بیان کے مطابق انکے پاپا نے ہتھوڑی مار مار کر انکی ماما کے سر سے خون نکالا اور پھر ماما سوگئی۔ کچھ دیر بعد پولیس کے سپاہی آئے اوروہ پاپا کو اپنے ساتھ لے گئے۔بچوں کی باتیں سن کر اہل علاقہ آبدیدہ ہوگیا۔ پولیس نے مرتضیٰ کو حراست میں لیکر رقیہ کے بھائی بلیغ الدین کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر ایا۔

مزیدخبریں