قصور(این این آئی+آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ کسی اور چیز پر ہے اس لیے زینب کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے۔ منگل کو اپوزیشن لیڈر نے کمسن زینب کے قتل پر گھر جاکر بچی کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ایس پی کے تبادلے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ پنجاب پولیس اور وزیراعلیٰ ناکام ہوگئے اب وہ بلاشبہ کتنے بھی دعوے کریں ٗلوگوں کو ماریں ٗ قتل کریں لیکن لوگ انہیں معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ کسی اور چیز پر ہے اس لیے زینب کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے، صرف کاغذوں کا پیٹ بھرنے کے لیے معصوم لوگوں کوپکڑا گیا ہے، ایسے افسوسناک واقعات دنیا میں ہوتے ہیں لیکن وہاں کی حکومتیں بے بس نہیں ہوتیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ قصور واقعہ نے پاکستان کے لوگوں کی آنکھیں کھولی ہیں اور ان کا صحیح چہرا دنیا کو دکھایا ہے۔ اب کتنی بھی دولت دی جائے بچی کے ماں باپ خاموش نہیں ہوتے۔ خورشید شاہ نے کہا آج برطانوی پارلیمنٹ میں زینب واقعہ کو زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ ہم دنیاکو پاکستان کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں۔ یہ ملک ہم نے کسی مقصد کے لئے حاصل کیا تھا اس لئے نہیں کہ چند گھرانے اس پر حکومت کریں۔ ظلم سے نجات کے لئے چلائی جانے والی تحریک کی کامیابی کا دارو مدار عوام کی سوچ پر ہے۔ حکومت کی نااہلی کے باعث ایسے واقعات دنیا میں ہماری بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا نصاب میں جنسی استحصال سے بچائو کی تعلیم کے حق میں ہیں۔
خورشید شاہ