لاہور (احسن صدیق) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2018-19 کا بجٹ مئی 2018ء میں پیش کرنے کی ممکنہ حکمت عملی تشکیل دے دی۔ وفاقی حکومت اگر آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے میں کامیاب ہوگئی تو یہ موجودہ حکومت کا چھٹا بجٹ ہوگا۔ وفاقی وزارت خزانہ نے اس ضمن میں تمام وزارتوں ور محکموں کو بجٹ کال سرکلر 2018-19 جاری کیا ہے جس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کا ممکنہ شیڈول دیا گیا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق یکم فروری کو بجٹ سٹرٹیجی پیپر بنایا جائے گا۔ فروری کے دوسرے ہفتے کو بجٹ سٹرٹیجی پیپر کے بارے میں کابینہ کو پریذنٹیشن دی جائے گی۔ 28 فروری تک تمام وزارتوں اور محکموں سے ان کے اخراجات جاریہ کے اعداد و شمار وصول کئے جائیں گے جبکہ 15 مارچ تک تمام وزارتوں اور محکموں سے ترقیاتی اخراجات کے اعداد و شمار وصول کئے جائیں گے۔ 16 مارچ کو فنانس ڈویژن کے بجٹ ونگ میں اخراجات جاریہ کے اکائونٹس کے چارٹ وصول کئے جائیں گے اور 22 مارچ کو ترقیاتی اخراجات کے اکائونٹس کے چارٹ وصول کئے جائیں گے۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں ترجیحاتی کمیٹی آئندہ مالی سال کے لئے تشکیل دیئے جانے والے بجٹ کا جائزہ لے گی۔ اپریل کے وسط میں متوقع طور پر پلاننگ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور اپریل کے وسط میں ہی قومی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ اپریل تیسرے ہفتے بجٹ دستاویز کی پرنٹنگ کی جائے گی اور اپریل کے آخر میں تمام بجٹ دستاویز کو مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد متوقع طورپر آئندہ مالی سال کا بجٹ مئی میں کابینہ اور پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔