ایشین خواتین ہاکی کوالیفائرز، گرین شرٹس نے فتح کا مزہ چکھ ہی لیا

ملتان(سپورٹس ڈیسک)ایشین گیمز کوالیفائرز میں پاکستان ہاکی ٹیم کو فتح مل ہی گئی، انڈونیشیا کے خلاف صفر کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی سمیٹی، گرین شرٹس کی طرف سے مائرہ صابر نے 2 بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جب کہ امرین ارشد نے ایک گو ل کیا۔تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ایشین گیمز کوالیفائرز میں 3 مسلسل شکستوں کے بعد پاکستان خواتین ہاکی ٹیم نے اکلوتی فتح حاصل کر ہی لی، یکطرفہ مقابلے میں انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی، گزشتہ روز ہونے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے ابتدامیں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور چوتھے منٹ میں مائرہ صابر کے ذریعے ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔16ویں منٹ میں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہوگئیں، وہاں پر پہلے سے موجود مائرہ صابر نے ساتھی پلیئر کے پاس پر گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک کر پاکستانی ٹیم کی برتری دوگنا کردی۔ 29ویں منٹ میں امرین ارشد نے قومی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کیا۔آخری 2 کوارٹرز میں بھر پور پور کوششوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، میچ کے دوران انڈونیشیا کی ٹیم کو بھی گول کرنے کے مواقع ملے لیکن ان کی فاروڈز ان سنہری موقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔

ای پیپر دی نیشن