ملتان (سپورٹس رپورٹر) فن پہلوانی پرانا کھیل ہونے کے باوجود زوال پذیر ہوتا جا رہا ہے۔ حکومتی توجہ نہ ہونے کے باعث اکھاڑے ویران ہو چکے ہیں جس سے لوگوں کا شوق بھی معدوم ہوتا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فن پہلوانی سے وابستہ افراد جواد خان پہلوان، محمد عمر اور عبدالرحیم نے نوائے وقت موبائل فورم میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث قدیمی کھیل زوال پذیر ہے۔ حکومتی تمام تر توجہ صرف کرکٹ پر ہے۔ ملتان میں سپورٹس جمنیزیم میں داخلہ فیس بہت زیادہ جو کہ فن پہلوانی سے وابستہ کھلاڑیوں کے لئے بوجھ ہے۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ داخلہ مفت کرے یا پھر فیس میں کمی کی جائے۔ محمد حبیب، سعید آرائیں اور محمد عظیم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کے لئے میٹ کی بہت ضرورت ہے تاکہ کھلاڑیوں کو پریکٹس میں آسانی رہے۔ سینئر اور جونیئر پہلوانوں کے درمیان دنگل کرائے جائیں۔ قدیمی کھیل کے فروغ کیلئے اکیڈمیاں بنائی جائیں جہاں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے۔ ضلعی اور ڈویژنل سطح پر مقابلہ جات کا انعقاد کرایا جائے تاکہ ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے، طیب اور ذیشان نے کہا کہ حکومتی توجہ اور سرپرستی سے اس قدیمی کھیل کو فروغ دیکر ملک و قوم کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔