اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے کہا ہے تارکین وطن کیلئے ووٹ کا حق مانگنے والی سیاسی جماعت تحریک انصاف نے خود انتخابی اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا، تحریک انصاف کھل کر بتائے کس کیساتھ ہے، پارلیمنٹ میں تارکین وطن کیلئے کس نے کتنی لڑائی لڑی، تارکین وطن سے کس کوکتنی محبت ہے ہم دیکھ لیں گے، تمام ریکارڈ منگوا کر خود دیکھ لیں گے، یہ بھی دیکھیں گے انتخابی اصلاحات قانون کے حق میں کس نے ووٹ دیا، سفید اور کالے کو الگ الگ کریں گے، دیکھنا چاہتے ہیں کیس آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تو نہیں، جذبات سے بالا تر ہو کر پوری قوم کو جاکر بتا دیں ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات ہونگے، تحریک انصاف کو سب سے زیادہ عطیات تارکین وطن پاکستانی دیتے ہیں، ایسا قانون نہیں بننا چاہیے جو صرف دکھلاوے کے لیے ہو، تارکین وطن ووٹ کے حق کے لیے عدالتوں کے دھکے کھا رہے ہیں۔ عدالت نے تحریک انصاف سے کہا ہے کہ وہ کھل کر سامنے آئے اور تارکین وطن کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے الگ سے آئینی درخواست دائر کرے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے پوچھا کیا تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کوئی قانون سازی ہوئی۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کی شق 94 میں تارکین وطن کے ووٹ کے حق کی بات کی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ قانون بنانے والوں کی نیت پر ہمیں کوئی شک نہیں، انتخابی اصلاحات ایکٹ کی شق 94 ہمیں سمجھ نہیں آئی، انتخابی اصلاحات ایکٹ کے حق میں تحریک انصاف نے ووٹ دیا، ان کو کیسے حق ہے کہ وہ قانون کو چیلنج کریں۔ چیف جسٹس نے مزید کہا میں خود پارلیمانی سیکرٹری رہا ہوں، عمران خان رکن پارلیمنٹ ہیں، سیدھی بات بتائیں تحریک انصاف نے انتخابی قانون کے حق میں ووٹ دیا یا مخالفت میں؟۔ وکیل نے بتایا کہ تحریک انصاف نے انتخابی اصلاحات قانون کے حق میں ووٹ دیا۔ عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمشن کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے اب تک تارکین وطن کے لیے کیا کیا گیا۔ مختصر وقفے کے بعد عدالتی حکم پر سیکرٹری الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ انتخابی اصلاحات ایکٹ کے نفاذ کے بعد جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے کیا تارکین وطن کو ووٹ کا حق دیا گیا؟ سیکریٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ بھارت میں بھی تارکین وطن کو ووٹ ڈالنے کا حق نہیں۔ پارلیمنٹ نے تارکین وطن کے لیے کتنی لڑائی لڑی ہم دیکھ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات قانون میں کس نے کس کو ووٹ دیا؟ دیکھ لیں گے، اگرکوئی اچھا بننا چاہتا ہے تو الگ بات ہے، کیا سپریم کورٹ تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرسکتی ہے، تحریک انصاف تارکین وطن کو ووٹ کے لیے الگ سے درخواست داخل کرے، کس کو تارکین وطن سے کتنی محبت ہے دیکھ لیں گے۔ 9 فروری کو جہانگیر ترین کے حلقے میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے کیا تارکین وطن کو وہاں ووٹ کا حق دیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ابھی تک تارکین وطن کو ووٹ کے حق سے متعلق الیکشن کمیشن کی کوئی تیاری نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم پارلیمنٹ سے پوچھ لیں، ایسا قانون نہیں بنناچاہیے جو صرف دکھلاوے کے لیے ہو، اگر تارکین وطن کو ووٹ کا حق نہیں دینا تو بتادیں، تارکین وطن ووٹ کے حق کے لیے عدالتوں کے دھکے کھارہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے عمران خان کیس میں الیکشن کمیشن کے اختیارات کو تسلیم کیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن قوم کو بتادیں ملک میں آزاد و شفاف الیکشن ہوں گے، یہ جذباتی بات نہیں ہم سے کوئی مدد چاہیے تو بتائیں ہم دیں گے۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین نادرا کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کردی۔