نیب شکایات پر جانچ پڑتال2‘ انکوائری4‘ تحقیقات6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

Jan 17, 2018

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے دسمبر 2017 کی نیب کارکردگی کا جائزہ لیا اور شکایات کی جانچ پڑتال 2 ماہ کے اندر مکمل کرنے، چار ماہ میں انکوائری اور 6 ماہ میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین نیب نے نیب کے ریجنل بیورو ملتان کی تمام انوسٹی گیشنز مقررہ وقت چار ماہ سے تجاوز کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نیب ملتان ریجنل بیورو کو تمام انوسٹی گیشنز مقررہ وقت چار ماہ کے اندر مکمل نہ کرنے والے نیب کے تفتیشی افسران سے وضاحت طلب کرنے کے علاوہ مقررہ وقت پر انوسٹی گیشنز مکمل کرنے کی رپورٹ سات دن میں طلب کر لی۔ چیئرمین نیب نے نیب سکھر ریجنل بیورو کی انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو مقررہ وقت کے اندر مکمل نہ کرنے، سست روی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں اور ذمہ دار تفتیشی افسران سے وضاحت طلب کی جائے جس کی رپورٹ سات دن کے اندر پیش کی جائے۔ چیئرمین نیب نے نیب کراچی کے 40 کیس اور نیب خیبرپی کے کے 10 مقدمات گزشتہ پانچ سالوں سے منطقی انجام تک نہ پہنچنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ سات دنوں میں طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں