راولپنڈی( نوائے وقت رپورٹ)جماعۃ الدعوۃ راولپنڈی کے مسئول مولانا عبدالرحمن نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں اوراپنی شکست خوردہ فوج کو تسلی دینے کیلئے ہیں۔ انڈیا کو پاکستان کی طرف میلی نگاہ ڈالنے کا انجام اچھی طرح معلوم ہے۔ کنٹرول لائن پر چھیڑ چھاڑ کے علاوہ بھارت پاکستان کیخلاف کوئی قد م نہیں اٹھا سکتا۔کشمیریوں نے لازوال قربانیوں سے آٹھ لاکھ ہندوستانی فوج کو ناکوں چنے چبوا رکھے ہیں۔پاکستان کی ایٹمی قوت اور میزائل ٹیکنالوجی کی دنیا معترف ہے۔بھارتی دھمکیوں پر پاکستانی عسکری قیادت کا جرأتمندانہ بیان لائق تحسین ہے۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر اس وقت پورے عروج پر ہے۔ مودی سرکار نے آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے تمام حربے آزما لئے لیکن مظلوم کشمیریوں کا جذبہ آزادی کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں ہیں، مولانا عبدالرحمن
Jan 17, 2018