لاہور +ننکانہ صاحب+ پتوکی ( آئی این پی +نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام شیڈول کے مطابق گزشتہ روز قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپکا و ضلعی صدر حاجی محمدا کرم گجر نے بتایا کہ صوبائی صدر ایپکا ظفر علی خاں کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں بھی ہر منگل کے روز قلم چھوڑ ہڑتال کی جارہی ہے۔ ایپکا کی مرکزی و صوبائی قیادت حکومت کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں ملازمین کے تمام دیرینہ مطالبات کی منظوری کے لئے کوشاں ہیں ہمارے مطالبات میں ہائوس ریکوزیشن صوبہ بھر کے ملازمین کو جاری کرنا، سیکرٹریٹ کے ملازمین کی طرح دیگر ملازمین کو بھی یوٹیلٹی الائونس جاری کروانا، اپ گریڈیشن سے محروم رہ جانی والی پوسٹوں کی اپ گریڈیشن، ڈائینگ کیڈر ڈکلیئر کی جانیوالی پوسٹوں کی فوری طور پر بحالی، ہائوس رینٹ اور کنوینس الائونس میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں حکومت ہمارے تمام مطالبات 20جنوری تک منظور نہیں کرتی تو مرکزی و صوبائی قیادت کی کال پر احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے اور ملازمین احتجاجی دھرنے اور ریلیاں نکالنے پر مجبور ہونگے اس موقعہ پر ضلعی پریس سیکرٹری غضنفر علی، جنرل سیکرٹری رائے سداء کرامت، نائب صدور حافظ ناظم علی، وقار علیم،رائے شاہجہاں ودیگر ایپکا عہدیدران بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں پتوکی میں کلرکوں نے ایپکا کی کال پر محمد فیصل کی زیر قیادت ہڑتال کی۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری سے نوٹس لینے اور مطالبات حل کروانے کی اپیل کی اس موقع پر کاشف چودھری، عبیداللہ شیخ، چودھری عمران، سید علی مرتضی، حافظ رضا و دیگر بھی موقع پر موجود تھے۔ محمد فیصل نے مزید کہا کہ کلرک انتہائی محنت سے کام کرتے ہیں مگر انہیں معاوضہ بہت کم ملتا ہے۔ علاوہ ازیں آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (اییپکا) نے مطالبات پورے نہ ہونے پر آج سیکرٹریٹ چوک میں احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر دیا۔ صدر ایپکا پنجاب کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے 12 دسمبر کو مذاکرات ہوئے تھے۔ انہوں نے مطالبات منظور کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی‘ لیکن اتنے دن گزر جانے کے باوجود اب تک مطالبات کی منظوری کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔
ننکانہ، پتوکی: مطالبات کے حق میں ایپکا کی ہڑتال ‘ آج لاہور میں احتجاج اور دھر نا ہو گا
Jan 17, 2018