کابل(اے پی پی +آئی این پی + نیٹ نیوز)افغانستان میں بھارتی سفارتخانے کی حدود میں میزائل حملہ کیا گیا ہے جس سے سفارتخانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے تاہم سفارتی حملہ محفوظ رہا ہے۔مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے انتہائی حساس علاقے ’’گرین زون ‘‘ میں بھارتی سفارتخانے پر میزائل حملہ کیا گیا ہے جس میں بھارتی سفارتخانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ میزائل حملے میں بھارتی سفارتخانے کا عملہ محفوظ رہا ہے۔ انہوں نے افغان حکومت سے سفارتخانے کی حفاظت بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔واضح رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا وفد افغانستان کا 2روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہوا تھا۔