پاک یو اے ای تعلقات مستحکم اور سرمایہ کاری کو فروغ ملا: حماد عبید الزابی ‘ محمد زبیر

کراچی( وقائع نگار) گورنر سندھ محمد زبیر سے متحدہ عر ب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک یو اے ای دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، باہمی تجارت، مشترکہ مفادات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اٹھائے گئے اقدامات، مختلف شعبوں میں مزید تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرمتحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نصیر ہوادین الکتبی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ سفیر حماد عبید الزابی کی کا وشوں کے باعث پا ک یو اے ای دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوئے ہیں جبکہ سرمایہ کاری کو بھی فروغ حاصل ہوا لیکن پاکستان متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے مزید فروغ کا خواہشمند ہے اس ضمن میں سفیر حماد عبید الزابی کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کے لازوال رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے امدادی کاموں پر عوام متحدہ عرب امارات کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، یہاں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی پورے پاکستان کو متاثر کرتی ہے، امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت سازگار ہیںاس ضمن میں یو اے ای کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اْٹھائیں، یو اے ای سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان معاشی و خوشحالی کے بڑے منصوبہ سی پیک میں یواے ای کی شمولیت کا بھی خواہاں ہے، سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان سمیت پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ مستحکم اور مضبوط پاکستان متحدہ عرب امارات کے مفادات میں ہے اس ضمن میں پاکستان سے سفارتی، اخلاقی، معاشی اور تجارتی تعاون جاری رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن