ملتان + گوجرانوالہ (صباح نیوز + آئی این پی+ نما ئندہ خصوصی) ایف آئی اے ملتان، کامونکی، وزیرآباد، سیالکوٹ، پھالیہ اور گجرات میں کارروائیاں، 7 انسانی سمگلر گرفتار کر لئے، پاسپورٹ، ویزوں کی فوٹو کاپیاں اور جعلی سٹیکرز بھی برآمد کر لئے گئے۔ تفصیل کے مطابق ایف آئی اے ملتان نے ڈیرہ غازی میں کی جانیوالی کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم منیر نے شہری سے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے وصول کئے تھے۔ملزم منیر نے کچھ عرصہ قبل ایک شہری کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر گیارہ لاکھ روپے وصول کئے تھے۔ شہری کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا گیا تھا جس پر ملزم روپوش ہوگیا تھا۔ایف آئی اے ملتان کی ٹیم نے ایس ایچ او ممتاز قریشی کی قیادت میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کرکے سرکل آفس ملتان منتقل کردیا ہے۔دریںاثنا ایف آئی اے نے کامونکی ‘ وزیر آباد‘ سیالکوٹ‘ پھالیہ اور گجرات میں کارروائی کرتے ہوئے چھ انسانی سمگلر گرفتار کرلئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزمان عرصہ دراز سے مطلوب تھے۔ ملزمان سے پاسپورٹ ویزوں کی فوٹو کاپیاں اور جعلی سٹیکرز برآمد کئے گئے۔ ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔